کھیلوں کی دنیا

جینک سنر ڈیوس کپ میں اٹلی کی نمائندگی نہیں کریں گے، ٹائٹل کے دفاع میں مشکلات ہوسکتی ہیں

اٹلی کے نامور ٹینس سٹار،آسٹریلین اوپن و ومبلڈن اوپن ٹینس کے چیمپئن اور 2025 کے چاروں گرینڈ سلام ایونٹس کے فائنل کھیلنے والے جینک سنر آئندہ ماہ ہونے والے ڈیوس کپ میں اٹلی کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے، جس سے اٹلی کے مسلسل تیسرے ٹائٹل کے حصول میں مشکلات ہوسکتی ہیں۔

بی بی سی کے مطابق 24 سالہ اٹالین ٹینس سٹار جینک سنر نے ہفتے کو سعودی عرب میں سِکس کنگز سلام نمائشی ایونٹ جیتا اور اب وہ 9 سے 16 نومبر تک ٹورین میں ہونے والے اے ٹی پی فائنلز میں شرکت کریں گے۔

تاہم اٹلی کے ڈیوس کپ کپتان فیلیپو وولاندری نے تصدیق کی ہے کہ سنر نے 18 سے 23 نومبر تک بولونیا میں ہونے والے ڈیوس کپ کے لیے دستیابی ظاہر نہیں کی۔جینک سنر کی عدم موجودگی میں مینز سنگلز مقابلوں کے لئے لورینزو موسیتی (عالمی نمبر 8) اور فلاویو کوبولی (عالمی نمبر 22) اٹلی کے سب سے نمایاں کھلاڑی ہوں گے، جو کوارٹر فائنل میں آسٹریا کا سامنا کریں گے۔

ڈیوس کپ ایونٹ میں اٹلی کے کپتان فیلیپو وولاندری نے کہا ہے کہ ڈیوس کپ ہمیشہ جینک سنر کا گھر رہے گا اور مجھے یقین ہے کہ وہ جلد ہی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال میرے پاس ٹیم کے ایسے کھلاڑی ہیں جو باصلاحیت ہیں ۔

جینک سنر کا ممکنہ مقصد آئندہ سیزن کے لیے اضافی تیاری کا وقت حاصل کرنا ہے، جو حالیہ دنوں میں کئی کھلاڑیوں کی جانب سے ٹینس کیلنڈر کی سختی پر کی گئی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔دوسری جانب سپین کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز ڈیوس کپ کے لیے سپین کی ٹیم میں شامل ہیں۔

انہوں نے سِکس کنگز سلام سے قبل کہا کہ کھلاڑیوں کی شکایات کو اکثر غلط سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر جب وہ نمائشی ایونٹس میں بھی شریک ہوتے ہیں، مگر ان مقابلوں میں ذہنی و جسمانی دباؤ سرکاری مقابلوں کے مقابلے میں کہیں کم ہوتا ہے۔جینک سینر کی غیر موجودگی جہاں اٹلی کی ڈیوس کپ مہم کو متاثر کر سکتی ہے، وہیں یہ ٹینس کی دنیا میں ایک بڑے اور دیرینہ مسئلےیعنی کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی فلاح پر نئی بحث بھی چھیڑ رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button