حکومت رواں سہ ماہی 4 ارب 86 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرے گی

اسلام آ باد: حکومت پاکستا ن اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی میں مجموعی طورپر 4 ارب 86 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی بیرونی ادائیگیاں کرے گی۔
اس بیرونی ادائیگی کےحجم میں 3 ارب ڈالرزکا ڈپازٹ شامل ہے جو وفاقی حکومت رول اوور کرانا چاہتی ہے۔
جاری سہ ماہی میں ایک ارب 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز ملٹی اور بائی لیٹرل جبکہ 78 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کے بیرونی کمرشل قرضوں کی ادائیگی کے لیے مدت پوری ہورہی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے اکتوبر تادسمبر 2025 کی جاری سہ ماہی میں4 ارب 86کروڑ 40لاکھ ڈالرز کی بیرونی ادائیگیاں کرنی ہیں، اس بیرونی ادائیگی کی رقم میں 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ڈپازٹ کی مدت اس سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں ختم ہوگی، اس سے قبل سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالرزڈپاذٹ کی مدت میں مسلسل 3 بار 2022 ،2023 اور 2024 میں ایک، ایک سال کی توسیع کی جاچکی ہے۔