فلسطینی رہنما مروان برغوثی پر اسرائیلی جیل اہلکاروں کا تشدد، پسلیاں ٹوٹ گئیں

فلسطینی تنظیم فتح کے رہنما مروان برغوثی پر اسرائیلی جیل اہلکاروں کے تشدد کا انکشاف ہوا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے فلسطینی مروان برغوثی کی رہائی روکنے کے بعد انہیں جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس سے ان کی 4 پسلیاں ٹوٹ گئی ہیں۔
فلسطینی سیاسی جماعت فتح موومنٹ کے رہنما اور مقبول سیاسی لیڈر مروان البرغوثی سال 2003 سے اسرائیل کی قید میں ہیں۔
22 سال سے جیل میں قید ہونے کے باوجود ان کا شمار اب بھی فلسطین کے مغربی کنارے اور غزہ کے مقبول ترین لیڈروں میں کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم جاری ہیں اور اسرائیلی فائرنگ سے مزید 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ جنگ بندی کے آغاز سے اسرائیلی فائرنگ سے شہدا کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی میں وقت لگ سکتا ہے،کچھ لاشیں تباہ شدہ سرنگوں میں دفن ہیں، ملبہ ہٹانے والے آلات اسرائیلی پابندی کی وجہ سے دستیاب نہیں۔