فتنہ الخوارج کی سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، آپریشن میں45 سے 50 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر پاکستان میں در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، آپریشن میں 45 سے 50 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمند میں پاک فوج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 45 سے 50 خوارج ہلاک کر دیے، کارروائی کے دوران کئی خوارج زخمی بھی ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مہمند میں آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، آپریشن میں خوارج کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 34 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 13 تا 15 اکتوبر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں جس دوران مختلف جھڑپوں میں 34 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاکستان کی ٹارگٹڈ کارروائیوں میں متعدد ہلاکتوں کے بعد افغان طالبان کی درخواست پر شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی سیزفائرکا فیصلہ کیا گیا تھا۔