کوہلی کا RCB سے نیا کمرشل معاہدہ کرنے سے انکار، آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کی افواہیں

بنگلورو: ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور پھر ٹیسٹ کے بعد بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی انڈین پریمیئر لیگ سے بھی ریٹائرمنٹ کی افواہیں سر گرم ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خبریں گردش کررہی ہیں کہ ویرات کوہلی نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور( آر سی بی) کے ساتھ 2026 کے سیزن کیلئے نیا کمرشل معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
جس کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کے لیجنڈری کھلاڑی ویرات کوہلی کے آئی پی ایل کے مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھانا شروع ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افواہیں سر گرم ہیں کہ ویرات کوہلی آئی پی ایل سے بھی ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔
البتہ کوہلی یا رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
تاہم مداح سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کا شکریہ ادا کرتے نظر آرہے ہیں کہ انہوں نے سالوں تک آر سی بی کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نے آر سی بی کے ساتھ نیا کمرشل معاہدے اس لیے مبینہ طور پر انکار کیا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو فرنچائز کا نیا چہرہ بننے کا موقع مل سکے۔
تاہم اس فیصلے کا یہ مطلب نہیں کہ کوہلی ٹیم یا آئی پی ایل سے الگ ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کوہلی نے آئی پی ایل میں مسلسل 18 سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی ہے اور رواں سال پہلی بار آر سی بی نے آئی پی ایل کی ٹرافی جیتی۔