عالمی

فلسطین پر فلسطینیوں کی حکمرانی کا اصول قائم رہنا چاہیے، چین کا امن معاہدے پر مؤقف

چین نے غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہےکہ فلسطین پر فلسطینیوں کی حکمرانی کا اصول قائم رہنا چاہیے۔

سوئٹزرلینڈ میں پریس کانفرنس کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے پہلے مرحلے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر چین کا مؤقف بیان کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ غزہ کے مستقبل سے متعلق کوئی بھی فیصلہ فلسطینی عوام کی مرضی اور خواہشات کا احترام کرتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ "فلسطینی، فلسطین پر خود حکومت کریں” کا اصول جو کہ عالمی برادری کا متفقہ مؤقف ہے اس پر قائم رہنا چاہیے۔ چین ان تمام کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے جو امن کی بحالی اور انسانی جانیں بچانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران اکیسویں صدی پر ایک بدنما داغ ہے اور انسانی ضمیر کو بیدار ہونا چاہیے۔ عالمی برادری کو مل کر حقیقی، جامع اور پائیدار جنگ بندی کے لیے کام کرنا چاہیے، انسانی بحران کو مؤثر طریقے سے کم کرنا چاہیے اور خطے میں استحکام کی بحالی کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ دو ریاستی حل پر ثابت قدمی ضروری ہے،کیونکہ صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست ہی جو اپنے جائز قومی حقوق حاصل کرے، تاریخی ناانصافیوں اور تشدد کی بنیاد کو ختم کرسکتی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button