ٹاپ نیوز

بین الاقوامی معیشت میں مصنوعات اور خدمات کا معیار ہماری مسابقتی برتری کا تعین کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی یوم معیارات پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیشت میں مصنوعات اور خدمات کا معیار ہماری مسابقتی برتری کا تعین کرتا ہے، بین الاقوامی معیارات کی پابندی ایک اختیار نہیں بلکہ یہ عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدات میں اضافہ اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ضرورت ہے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق عالمی یوم معیارات کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر معیارات کو اپنانے کا دن منا رہے ہیں جو محفوظ، پائیدار اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں مدد دیتے ہیں، اس سال کا موضوع "بہتر دنیا کے لیے مشترکہ وژن” اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ محفوظ، جامع اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے عالمی سطح پر ایک عزم موجود ہے، یہ ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ معیاراعتبار، اعتماد اور اقتصادی کامیابی کی بنیاد ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کی بین الاقوامی معیشت میں ہماری مصنوعات اور خدمات کا معیار ہماری مسابقتی برتری کا تعین کرتا ہے۔

بین الاقوامی معیارات کی پابندی ایک اختیار نہیں بلکہ یہ عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدات میں اضافہ اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ضرورت ہے۔ معیارات عالمی صارفین کو میڈ ان پاکستان برانڈ پر اعتماد دیتے ہیں اور ہمارے کاروباروں کو معیار اور کارکردگی کے لیے ایک بنیاد فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اس مشن میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔

بطور قومی معیارتی ادارہ یہ ہمارے معیار کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہماری صنعتیں منصفانہ اور موثر طریقے سے مقابلہ کر سکیں، بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ہم آہنگ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پی ایس کیو سی اے کی اس کام میں حمایت کرتی ہے، ہم انہیں تمام شعبوں میں معیار کے فروغ کے لیے بااختیار بنائیں گے، جدید تخلیق کو فروغ دیں گے، صارفین کی حفاظت کریں گے اور اپنے ملک کی اقتصادی ترقی کو تقویت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں جو ہر شعبے میں معیار اور بہتری قائم رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کی کاروباری برادری ، صنعتکاروں اور مینوفیکچررز سے استدعا کرتا ہوں کہ وہ بہترین معیار کو ایک بنیادی اصول کے طور پر اپنا لیں۔ معیار کے مشترکہ وژن کے ساتھ مل کر کام کر کے ہم پاکستان کے لیے ایک بہتر مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button