ٹاپ نیوز

سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

پشاور: سہیل آفریدی نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہو گئے۔

قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد سہیل آفریدی کا کے پی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا میں بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ایک ادنیٰ سے ورکر کو جس کا نا بھائی، نا باپ اور نا ہی چچا ہی سیاست میں ہے اسے اس عہدے کے لیے منتخب کیا، پرچی سے وزیر اعلیٰ نہیں بنا، محنت کر کے یہاں پہنچا ہوں، میں سب سے پہلے پاکستانی، پھر پختون اور قبائلی ہوں، نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو لگنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا عمران خان نے وزیر اعلیٰ بنایا تھا اور جس روز انہوں نے کہا اسی روز اپنے لیڈر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیدیا، جمہوری عمل کا مذاق نہ بنایا جائے، جو کچھ ہوتا رہا ہے اسے مزید برداشت نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 19 ماہ میں جو کچھ کیا وہ سب ریکارڈ پر ہے، جب ہمیں حکومت ملی تو صرف 18 روز کی تنخواہ تھی آج صوبائی خزانے میں 218 ارب روپے موجود ہیں، مجھ سے اپوزیشن کو گلہ ہوگا کہ میں نے انہیں فنڈز نہیں دیے لیکن عوام خوش ہیں کیونکہ میں نے پیسہ عوام پر لگایا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے لیے اور ہماری نسلوں کے لیے قربانی دے رہے ہیں، ہم پانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے رولنگ پڑھتے ہوئے کہا کہ نئے قائد ایوان کا طریقہ کار آئین کے مطابق ہوگا جس کے بعد منتخب وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان ہو گا۔

اسپیکر کے پی اسمبلی نے نئے قائد ایوان کو منتخب کرنے کا طریقہ بتایا جس کے بعد اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی اور پھر 90 ایم پی ایز نے سہیل آفریدی کو نیا قائد ایوان منتخب کیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں کل ارکان کی تعداد 145 ہے جس میں سے حکومتی ارکان کی تعداد 93 اور اپوزیشن کے 52 ارکان ہیں۔ قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے 73 ووٹ درکار تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button