ٹاپ نیوز

پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بہت اہم ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو بہت پہلے پاکستان آنا چاہیے تھا: سعودی شہزادہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے مکہ اور مدینہ ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں، مقدس مقامات کی پاسبانی کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کے اعزاز میں تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا میں نے اپنی جلاوطنی کے دنوں میں جدہ میں کئی سال گزارے، میں کہہ سکتی ہوں کہ جدہ کو بھی اتنا ہی جانتی ہوں جتنا لاہور کو جانتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات پوری مسلم دنیا کیلئے مثالی ہیں، سعودی عرب پوری مسلم امہ کیلئے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے کو عوام نے بے پناہ سراہا۔

ان کا کہنا تھا پنجاب حکومت جدید خطوط پر کام کررہی ہے، خادم الحرمین شریفین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نئی جہت لے جائیں گے، سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، پاکستان پر اعتماد کرنے پر سعودی قیادت کی شکر گزار ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی پاسبانی کی ذمےداری پاکستان کیلیے اعزاز ہے، پاکستان ہر وقت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، پنجاب کی ترقی اور خوشحالی میں سعودی سرمایہ کاروں کا اہم کردار ہوگا، سعودی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کریں گے، پنجاب میں زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت کاری اور انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

سعودی شہزادہ منصور بن محمد کا اس موقع پر کہنا تھا پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے پُرعزم ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو بہت پہلے پاکستان آنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زمینیں زرخیز ہیں، پنجاب کے ساتھ شراکت داری بہت اہمیت کی حامل ہے، پنجاب ہماری سرمایہ کاری کیلیے بہت اہم ہے، پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا آئی ٹی، صحت، ہاؤسنگ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کے خواہش مند ہیں، پنجاب میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے، پاکستان کے ساتھ ٹورازم کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button