افغان وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس میں خاتون صحافیوں کو شامل نہ کرنے پرمودی سرکارکو سخت تنقیدکا سامنا

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ روز افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی پریس کانفرنس میں خاتون صحافیوں کو شامل نہ کیے جانے پر اپوزیشن کی جانب سے مودی حکومت پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہر میدان میں برابر کی شرکت کا حق حاصل ہے، اس واقعے سے بھارتی خاتون کو یہ پیغام جاتا ہے کہ مودی ان کے حق میں کھڑے ہونے کے لیے انتہائی کمزور ہیں۔
کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے کہا کہ مودی سرکار اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔ بھارت کی انتہائی قابل خواتین کا یہ مذاق کیسے برداشت کیا گیا؟
سینئر کانگریس رہنما چدمبرم نے کہا کہ مرد صحافیوں کو اس موقع پر ہی واک آؤٹ کر دینا چاہیے تھا۔
اس کے علاوہ ٹریبونل کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ماہوا موئترا نے حکومت پر سخت تنقیدکرتے ہوئےکہا کہ حکومت نے ہر بھارتی خاتون کی توہین کی ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نےکہا ہےکہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی پریس کانفرنس میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا۔ پریس کانفرنس کے لیے دعوت نامے افغانستان کے ممبئی میں قونصل جنرل نے دیے تھے جو افغان وزیر کی نئی دہلی آمد کے دوران وہاں موجود تھے۔



