امریکا میں شٹ ڈاؤن، ٹرمپ انتظامیہ نے ڈیموکریٹک ریاستوں کے اربوں ڈالر کے فنڈز منجمد کردیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ڈیموکریٹک اکثریت رکھنے والی ریاستوں کے لیے مختص 26 ارب ڈالر کے فنڈز منجمد کر دیے۔
منجمد کیے گئے فنڈز میں سب سے بڑا حصہ نیویارک کے انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے مختص 18 ارب ڈالر کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 ارب ڈالر کے گرین انرجی منصوبے بھی روک دیے گئے ہیں، جو کیلیفورنیا اور الینوائے سمیت16 ڈیموکریٹک اکثریتی ریاستوں میں چل رہے تھے۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز شٹ ڈاؤن کے دوران غیر ضروری اخراجات کے زمرے میں آتے ہیں۔
ڈیموکریٹس نے اس اقدام کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ ڈیموکریٹک رہنماؤں کے مطابق ٹرمپ ملک کے اہم ماحولیاتی اور شہری ترقی کے منصوبوں کو صرف سیاسی مخالفت کی وجہ سے نقصان پہنچا رہے ہیں۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نیویارک جیسے بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے اہم منصوبے تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں، جبکہ گرین انرجی کے منصوبوں کی معطلی سے ماحولیاتی اہداف اور روزگار کے ہزاروں مواقع بھی متاثر ہوں گے۔
یاد رہے کہ امریکا میں اخراجات کا بل منظور نہ ہونے سے حکومت کا کام رُک گیا ہے، خلائی ادارے ناسا سمیت متعدد محکمے بند کر دیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ساڑھے 7 لاکھ وفاقی ملازمین کو جبری چھٹیوں پر بھیج دیا گیا، کپٹل ہل اور کانگریس لائبریری بھی مہمانوں کے لیے بند کر دی گئی۔



