پاکستان-امریکہ تعلقات باہمی خیرسگالی اور تعاون کی فضا میں آگے بڑھ رہے ہیں، وفاقی وزیر انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی امریکہ کی نگران ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں امریکہ کی نگران ناظم الامور نٹالی بیکر نے بدھ کو یہاں وزارت انسانی حقوق کے آفس میں ملاقات کی۔وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرینہ شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر استوار ہیں۔
انہوں نے اس امر پر اطمینان ظاہر کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورہ واشنگٹن نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تفاہم کو مزید فروغ دیا ہے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کو روشن کیا ہے۔فریقین نے پاک-امریکہ تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی روابط کو مسلسل بات چیت، تعاون اور خیرسگالی کی بنیاد پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس موقع پر علاقائی استحکام، ترقی اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ نٹالی بیکر نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جس میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



