جسٹس طارق جہانگیری نے ڈگری منسوخی کو عدالت میں چیلنج کردیا

کراچی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے اپنی ڈگری منسوخی کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
جیو نیوز کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جامعہ کراچی کی جانب سے اپنی ڈگری منسوخی کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
جسٹس طارق محمود کی جانب سے دائر درخواست میں جامعہ کراچی سنڈیکیٹ اوران فیئرمینزکمیٹی کےفیصلے کوچیلنج کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کو آئین کے آرٹیکل 199-1-اے ٹو کے تحت ریگولر بیچن میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ جامعہ کراچی ایکٹ کے تحت سنڈیکیٹ کو ڈگری کے اجرا کے بعد منسوخی کا اختیار نہیں ہے، ڈگری کے اجرا کے بعد منسوخی کا اختیار صرف سول عدالت کو حاصل ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ جامعہ کراچی سنڈیکیٹ اوران فیئرمینزکمیٹی کےفیصلے دائرہ اختیار سے تجاوز اور غیرقانونی ہیں، تمام اعتراضات کا جواب سماعت کے دوران دیا جائے گا لہٰذا جامعہ کراچی سنڈیکیٹ ایجنڈا اوران فیئرمینزکمیٹی کا فیصلہ کالعدم قراردیاجائے۔



