وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی عالمی ترقیاتی اقدا م کے اجلاس میں شرکت ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور چینی وزیراعظم سے ملاقات ، غیر رسمی تبادلہ خیال

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ کی سربراہی میں عالمی ترقیاتی اقدام (جی ڈی آئی) کے’’اپنی اصل امنگوں کی تجدید کریں، ترقی کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے متحد ہوں‘‘کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی اور چینی وزیرِ اعظم کے ساتھ ملاقات اور غیر رسمی تبادلہ خیال کیا۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عالمی ترقیاتی اقدام کے اجلاس میں شریک ہوئے،اس موقع پر وزیرِ اعظم نے چین کے وزیرِ اعظم کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے درمیان غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی،اجلاس میں شرکت کیلئے موجود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی وزیراعظم کی ملاقات ہوئی۔
وزیرِ اعظم کی اجلاس میں شرکت پاک چین مثالی دوستی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ گزشتہ ماہ اپنے دورہ چین کے دوران وزیرِ اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے جی ڈی آئی کے ویژن کی تعریف کی تھی اور اسے خطے و عالمی سطح پر پائیدار ترقی کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا تھا



