اقوام متحدہ میں "پائیدار، شمولیتی اور لچکدار عالمی معیشت کیلئے پہلا دو سالہ سربراہی اجلاس ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات پر زور

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی مالیاتی ڈھانچہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ عدم مساوات کو بڑھا رہا ہے، قرضوں کے بوجھ اور ماحولیاتی بحران نے ان ممالک کے لیے سنگین مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔
بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں منعقدہ "پائیدار، شمولیتی اور لچکدار عالمی معیشت کے لیے پہلے دو سالہ سربراہی اجلاس سے خطاب میں نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے لیے بڑھتے ہوئے مالیاتی خلا، غیر پائیدار قرضوں اور تیزی سے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز کو اجاگر کیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ قرضوں کے بحران کے حل کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں، ترقی و ماحولیاتی مالیات میں اضافہ کیا جائے اور ایک شمولیتی و منصفانہ عالمی اقتصادی نظام تشکیل دیا جائے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔



