قومی

ملک بھر میں 8 انکیوبیشن سینٹرز نوجوانوں کو جدید سہولیات اور مواقع فراہم کر رہے ہیں، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 8 انکیوبیشن سینٹرز نوجوانوں کو جدید سہولیات اور مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ وہ پیر کویہاں نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) حیدرآبادمیں اسٹارٹ اپس کی گریجویشن تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ یہ این آئی سی وفاقی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت اگنائٹ کے منصوبے کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزارت کے اعلیٰ حکام،اگنائٹ، ایل ایم کے ٹی اور پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام، جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی، مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر طحہٰ حسین علی اور کاروباری برادری کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ وفاقی وزیرِ شزا فاطمہ خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے اسٹارٹ اپس نوجوانوں کی صلاحیت اور عزم کا ثبوت ہیں۔ ملک بھر میں آٹھ انکیوبیشن سینٹرز نوجوانوں کو جدید سہولیات اور مواقع فراہم کر رہے ہیں، جن کے ذریعے اربوں روپے کے منصوبے شروع ہوئے ہیں۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسٹارٹ اپس کے لیے فنڈ ریزنگ اور نوجوانوں کی کاروباری تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال تین لاکھ سے زائد نوجوان مختلف پروگرامز کے ذریعے تربیت حاصل کر کے اپنے کاروباری منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ایکٹ کا مقصد عام شہریوں کی زندگیوں میں آسانی اور شفافیت لانا ہے۔ مستقبل قریب میں زرعی شعبے سمیت معیشت کے تمام شعبے ڈیجیٹلائز ہوں گے جبکہ اگلے تین برس میں فائبر نیٹ ورک کو 60 فیصد تک بڑھا دیا جائے گا۔ سی ای او ایگنائٹ رفیق احمد بُررو نے کہا کہ این آئی سی حیدرآباد نے یہ ثابت کیا ہے کہ کاروباری مواقع بڑے شہروں سے باہر بھی کامیاب ہو سکتے ہیں۔

ایل ایم کے ٹی کے نائب صدر عاصم اسحاق خان کے مطابق حیدرآباد کے اسٹارٹ اپس قومی سطح سے بڑھ کر عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی حیدرآباد سید ثنا شاہ نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں 150 سے زائد اسٹارٹ اپس کو انکیوبیٹ کیا گیا ہے جنہوں نے ایک ارب روپے سے زائد کی آمدنی، 47 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 4 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کیے۔

تقریب میں 32 اسٹارٹ اپس کی کامیابیوں کو سراہا گیا اور اس عزم کو دہرانے پر زور دیا گیا کہ حکومت نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور اختراع کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ تقریب کی آخر میں گریجوئٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ این آئی سی کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام نے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور منتظمین سے ان کے پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

Back to top button