عالمی

متحدہ عرب امارات کے اے ڈی پورٹس گروپ کا عالمی بیڑے اور ٹرمینلز میں لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹ سروسز کا آغاز

ابو ظہبی پورٹس گروپ نے اپنے عالمی بیڑے اور ٹرمینل آپریشنز میں لو ارتھ آربٹ(ایل ای او)سیٹلائٹ سروسز کی تعیناتی شروع کر دی ہے، جو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے منصوبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس اقدام کا مقصد جہازوں کو حقیقی وقت کا ڈیٹا فراہم کرنا، بندرگاہوں اور ٹرمینلز کے لیے مسلسل اور محفوظ رابطے کو یقینی بنانا اور نئی افادیت و ایندھن کی بچت کو ممکن بنانا ہے۔

یہ عالمی نفاذ رواں ماہ شروع ہوا ہے، جو گروپ کی جانب سے دو بین الاقوامی لو ارتھ آربٹ ( زمین کے قریبی مدار میں گردش کرنے والے )سیٹلائٹ سروس فراہم کنندگان کے ساتھ معاہدوں کے بعد ممکن ہوا۔اے ڈی پورٹس گروپ کے چیف انفارمیشن آفیسر محمد جمال الدین نے کہا کہ لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی ہمای ڈیجیٹل بیک بون ہے جو ٹیکنالوجی کے پورے ماحولیاتی نظام کی صلاحیتوں کو کھولتا ہے۔

تیز رفتار اور کم تاخیر والے رابطے سے ہم پیشگی مرمت، ڈائنامک روٹ آپٹیمائزیشن اور کارگو ٹریکنگ جیسے جدید اے آئی ایپلیکیشنز حقیقی وقت میں استعمال کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ صرف تیز تر رابطے کی بات نہیں بلکہ ایک سمارٹ اور مضبوط انفراسٹرکچر قائم کرنے کی حکمت عملی ہے جو دور دراز مقامات میں بھی کاروباری تسلسل برقرار رکھتا ہے۔آئی او ٹی سینسرز، اسمارٹ پورٹ پلیٹ فارمز اور اے آئی اینالیٹکس کے ساتھ اس کنیکٹیویٹی کے انضمام سے ہم ایک مکمل طور پر منسلک سپلائی چین بنا رہے ہیں جو صارفین اور شراکت داروں کو بے مثال بصیرت اور کنٹرول فراہم کرتی ہے۔

ابتدائی طور پر گروپ کے 270 جہازوں پر مشتمل بیڑے کے چند جہازوں میں یہ سروس فعال کی گئی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی جہازوں کی حقیقی وقت میں ٹریکنگ، پیشگی مرمت اور ایندھن کے بہتر استعمال کے لیے ڈائنامک روٹ آپٹیمائزیشن ممکن بناتی ہے۔بندرگاہی سطح پر یہ سروس یورپ، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا میں گروپ کے 34 ٹرمینلز میں بھی نافذ کی جا رہی ہے، جہاں یہ خصوصاً دور دراز مقامات اور ہنگامی آپریشنز کے دوران بلا تعطل رابطے اور کاروباری تسلسل کو یقینی بنائے گی۔

اس کے ساتھ کارگو مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس کوآرڈینیشن اور مجموعی سروس کی قابلِ اعتماد کارکردگی کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔یہ اقدام اے ڈی پورٹس گروپ کے وسیع تر ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کا حصہ ہے، جس میں اسمارٹ پورٹ پلیٹ فارمز، مربوط سپلائی چین سسٹمز اور آئی او ٹی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی ان اقدامات کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھے گی تاکہ زیادہ تفصیلی ڈیٹا، حقیقی وقت کی معلومات اور خودکار نظام میسر آ سکیں ۔ لو ارتھ آربٹ سروسز کے آغاز کے ساتھ ہی اے ڈی پورٹس گروپ نے عالمی سمندری صنعت میں ڈیجیٹل جدت اور پائیدار ترقی کے محرک کے طور پر اپنے کردار کی تجدید کی ہے اور یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجیز اور سٹریٹجک شراکت داریوں میں سرمایہ کاری جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button