کینیڈا اور بلغاریہ کی ٹیمیں ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ کے ٹاپ 16 رائونڈ میں داخل

کینیڈا اور بلغاریہ کی مردوں کی والی بال ٹیمیں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں۔بلغاریہ کی ٹیم نے ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ کے پول ای جبکہ کینیڈا کی مینز والی بال ٹیم نے پول جی سے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فلپائن میں اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔
منگل کو کھیلے گئے مینز والی بال ایونٹ کے اپنے دوسرے میچ میں بلغاریہ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد پول ای کی حریف ٹیم سلووینیاکو دو کے مقابلے میں تین سیٹس سے ہرا دیا۔ یہ بلغاریہ کی مسلسل دوسری فتح ہے اور اس فتح کے بعد ناقابل شکست بلغاریہ کی ٹیم پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں بھی پہنچ گئی ہے۔
بلغاریہ کی فتح کا سکور19-25، 14-25، 25-18، 25-23 اور 13-15 رہا۔اسی طرح کینیڈا کی مینز والی بال ٹیم نے پول جی سے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ کینیڈا کی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جاپان کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سیٹس سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح کے بعد ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ کینیڈا کی فتح کا سکور 20-25، 23-25 اور 22-25 رہا۔