صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے زیلنسکی سے امن کوششوں بارے ملاقات کریں گے، امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدے کےلئے پرامید ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ وہ آئندہ ہفتے اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے ۔اے ایف پی کے مطابق مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ متعدد بار ٹیلی فونک رابطہ کیا اور زیلنسکی سے بھی کئی ملاقاتیں کی ہیں جن میں ایک اور ملاقات شاید آئندہ ہفتے نیویارک میں ہو جہاں عالمی رہنما اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ کوشش جاری رکھیں گے، اگر امن ممکن ہوا تو وہ اسے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
روبیو نے کہا کہ صرف جولائی میں روس کو لڑائی کے دوران 20 ہزار فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔روبیو کے مطابق ٹرمپ منفرد حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ وہ پیوٹن اور زیلنسکی دونوں کے ساتھ ساتھ یورپی رہنماؤں سے بھی براہ راست بات کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی طرح وہ اس معاملے سے دستبردار ہو جائیں یا روس پر پابندیاں لگا کر کہہ دیں کہ میرا کام ختم تو دنیا میں کوئی اور باقی نہیں رہے گا جو جنگ کے خاتمے کی ثالثی کر سکے۔
ٹرمپ نے منصب سنبھالتے وقت ایک دن میں جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس کا الزام اپنے پیش رو جو بائیڈن پر عائد کیا تھا کہ انہی کی پالیسیوں نے روس کو یوکرین پر حملے پر آمادہ کیا جبکہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو دیے گئے اربوں ڈالر کے امدادی پیکجز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔