امریکی صدر نے ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں نیشنل گارڈ بھیجنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں نیشنل گارڈ کے دستے بھیجنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوول آفس میں دستخطی تقریب کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ٹاسک فورس واشنگٹن میں کیے گئے کامیاب آپریشن کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں نیشنل گارڈ کے ساتھ ساتھ ایف بی آئی اور دیگر وفاقی ایجنسیاں بھی شامل ہوں گی، یہ بہت ضروری ہے کیونکہ وہاں جرائم ہو رہے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ ہم شاید اگلا قدم شکاگو میں اٹھائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ واشنگٹن اور لاس اینجلس میں فوجی تعیناتیوں اور ملک بدری کی کارروائیوں سے ان شہروں کو امیگرنٹ جرائم سے بچایا جو ان کے انتخابی وعدوں میں سے ایک تھا۔
امریکی اٹارنی جنرل پَم بونڈی نے دستخطی تقریب میں کہا کہ وفاقی ایجنسیاں ’’واشنگٹن ماڈل‘‘ کو استعمال کر کے میمفس کو دوبارہ محفوظ بنائیں گی۔