ٹرمپ سے ملاقات سے قبل قطری وزیراعظم کی اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقات، دوحہ حملے اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثان نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران قطر اور امریکا کے سکیورٹی تعلقات اور ان کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطری وزیراعظم اور اعلیٰ امریکی حکام کی ملاقات کے دوران دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملوں سمیت خطے کی تازہ صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا قطر کو خلیجی خطے کا اہم اتحادی تصور کرتا ہے جہاں اس کا العدید ائیربیس موجود ہے اور صدر ٹرمپ پہلے ہی اسرائیل کے قطر کو نشانہ بنانے پر سخت ناراضی کا اظہار کر چکے ہیں۔
قطر کے وزیراعظم آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے تناظر میں ہو رہی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق آج ہونے والی یہ ملاقات اسرائیلی حملے اور غزہ جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات پر بات چیت کا تسلسل ہوگی۔
یاد رہےکہ اسرائیلی فوج نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر 9 ستمبر کو حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا تھا، اس حملے میں حماس کے رہنماؤں سمیت 6 افراد شہید ہوئے تھے تاہم حملے میں حماس کی قیادت محفوظ رہی تھی۔