نیپال میں سیاسی کشیدگی: پاکستان کے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے میچز خطرے میں پڑگئے

نیپال میں سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان کے کھٹمنڈو میں ہونے والے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔
پہلے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے میچز نومبرمیں نیپال میں کھیلنا تھے لیکن نیپال میں موجودہ سیاسی اور ہنگامی صورتحال کے باعث پاکستان کے میچز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سید سلطان شاہ نے بتایا کہ پاکستان نے اپنے میچز 11 سے 25 نومبر تک نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں کھیلنا تھے لیکن موجودہ حالات بہتر نہیں اس وجہ سے اجلاس میں کسی دوسرے ملک منتقل کرنے پر بات ہوگی، امکان ہے میچز سری لنکا منتقل ہوجائیں۔
واضح رہے کہ پہلا ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ بھارت میں ہونا تھا تاہم پاکستان کے انکار کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کے میچز نیپال منتقل ہوئے تھے۔