پاکستان میں کرپٹو کرنسی غیرقانونی نہیں "گرے” ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان میں کرپٹو کرنسی غیر قانونی نہیں، "گرے” ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں "ورچوئل ایسیٹ بل 2025” پر غور کے دوران ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان کرپٹو کرنسی میں کافی مہارت رکھتے ہیں، اس وقت کرپٹو کرنسی غیرقانونی نہیں ہے،گرے ہے۔
چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نےکہا کہ کرپٹو کی ڈیلنگ "ہنڈی” اور "حوالہ” سے ہورہی ہے، ہنڈی اور حوالہ غیرقانونی ہیں تو کرپٹو کی ڈیلنگ گرےکیسے ہوگئی؟
سینیٹر محسن عزیز کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ چلا ہےکہ پاکستان میں کرپٹوکرنسی اغوا برائے تاوان کے لیے استعمال ہو رہی ہے، اہم لوگوں سے مجھے پتہ چلا ہے اب نقد رقم کوئی نہیں مانگتا۔
ٹیکس نظام پر سینیٹر دلاور خان نےکہا کہ سپر ٹیکس اور سیلز ٹیکس سمیت پتہ نہیں کون کون سے ٹیکس لگائے ہوئے ہیں، اگر سب پر یکساں پانچ فیصد ٹیکس لگادیں تو 40 فیصد زیادہ ٹیکس آنے لگے گا۔