پاک بحریہ کے سیلاب ریلیف آپریشنز، ہزاروں متاثرین کی مدد جاری

پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا امدادی آپریشن زوروشور سے جاری ہے۔ پاک بحریہ نے کشمور، گھوٹکی، سکھر اور شکار پور کے اضلاع میں سیلابی پانی میں پھنسے 4,335 افراد کو جدید ہوورکرافٹس اور کشتیوں کے ذریعے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
یہ ہوورکرافٹس زمین، پانی اور دلدلی علاقوں میں آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے مشکل حالات میں بھی فوری انخلا ممکن ہوا۔پاک بحریہ نے خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، بونیر اور شانگلہ میں سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو راشن، طبی امداد اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ قصور، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان، میر پور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سجاول کے علاقوں میں بھی ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پاک بحریہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ مشکل حالات میں گھرے ہم وطنوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اپنی امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔