ملائیشیا میں جاری اسکریبل ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، تمام ٹرافیز جیت لیں

کوالالمپور: پاکستانی کھلاڑیوں نے چوتھے گیٹ وے انٹرنیشنل اسکریبل ٹورنامنٹ میں تمام ٹرافیز جیت لیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے کوالالمپور میں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں فتح کے جھنڈے گاڑھنے کے بعد چوتھے گیٹ وے انٹرنیشنل اسکریبل ٹورنامنٹ میں تمام ٹرافیز جیت لیں۔
3 روز تک جاری رہنے والےایونٹ میں 9 ممالک کے 80 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں دنیا کے نمبر 4 کھلاڑی تھاچا کو ویرات بھی شامل تھے۔
سینئر کیٹیگری میں سابق ایشین یوتھ چیمپئن حشام ہادی خان فاتح قرار پائے اور انہوں نے 24 میں سے 17 گیمز جیتے اور 1190 کا شاندار اسپریڈ حاصل کیا۔
14 سالہ احمد سلمان دوسرے نمبر پر رہے جب کہ سابق ورلڈ یوتھ چیمپئن عفان سلمان نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
یوتھ کیٹیگری میں بھی پاکستان نے میدان مارا، مصباح الرحمٰن نے ٹائٹل جیتا جب کہ شاہ جہاں احمد دوسرے اور مصعب فریدی ساتویں نمبر پر رہے۔
پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے کھلاڑیوں کی یہ بڑی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان کھلاڑی تیزی سے دنیا کے ٹاپ اسکریبل پلیئرز میں جگہ بنا رہے ہیں۔