اسرائیل نے جنگ بندی کے بدلے حماس سے ہتھیار ڈالنے کی شرط رکھ دی

اسرائیل نے جنگ بندی کے بدلے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے تمام یرغمالیوں کو رہا کرنے اور ہتھیار ڈالنے کی شرط رکھ دی۔
اسرائیلی وزیرخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کو رہا کرنے اور ہتھیار ڈالنے کی صورت میں جنگ فوری طور پر ختم ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا اگر وہ اس مقصدکو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو انہیں کافی خوشی ہوگی۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیل کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا اور اسرائیل کو واضح پیغام دیا کہ وہ جنگ روکے اور غزہ سے نکل جائے تو تمام یرغمالی رہا کر دیں گے۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری
ادھر غزہ پر اسرائیلی فوج کی جارحیت نہ تھم سکی، قابض فوج نے ایک اور بلندعمارت کو تباہ کردیا۔
اسرائیلی فوج کی بمباری سے 3 روز میں تباہ ہونے والی عمارتوں کی تعداد 3 ہوگئی، غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر بم برسائے گئے۔
عرب میڈیا کی مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک روز میں 65 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 64 ہزار 368 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 62 ہزار 776 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔