وینزویلا سے کشیدگی میں اضافہ، امریکا کا ایف 35 طیارے پورٹو ریکو بھیجنے کا اعلان

امریکا نے وینزویلا کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر 10 جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیارےکیربیئن جزیرے پورٹو ریکو بھیجنےکا اعلان کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 10 ایف 35 جدید اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ڈرگ کارٹلز کے خلاف امریکی بحری آپریشن کا حصہ ہوں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر منشیات کے کارٹل کی قیادت کرتے ہیں۔
دوسری جانب وینزویلا کے صدر نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا کا تیل چوری کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فورسز کے وینزویلا کی کشتی کو بم دھماکے سے اڑانے کے بعد تنازع شروع ہوا، اس حوالے سے امریکا کا دعویٰ ہے کہ کشتی میں اسمگلرز منشیات لے کر امریکا آ رہے تھے، بم دھماکے سے کشتی میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
دوسری جانب وینزویلا نے امریکا پر ماورائے عدالت قتل کا الزام لگایا ہے۔