قومی

وزارت مذہبی امورکے زیراہتمام50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ؐکانفرنس ، مقررین کا سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور، فلسطین اور کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ

50ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس میں مذہبی رہنماؤں، علماء اور اعلیٰ حکام نے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔

ہفتہ کو یہاں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام کنونشن سنٹر میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ’’سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں سوشل میڈیا کے مفید استعمال کے لیے تعلیم دینے میں ریاست کی ذمہ داریاں‘‘ منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران شاہ نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہالت کے دور میں دنیا کو علم کی روشنی سے منور کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا جدید زندگی میں مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے لیکن اس کے غلط استعمال کا مقابلہ صرف نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر عمل کر کے ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل پلیٹ فارمز پر جعلی خبریں اور کردار کشی قرآنی اصولوں کی خلاف ورزی ہے جو معلومات کی تصدیق کا مطالبہ کرتی ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مواقع اور خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی اثرات اب اس کے مثبت استعمال سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ غلط معلومات اور غلط استعمال کو روکنے کے لیے قوانین نافذ کرے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ سماجی برائیوں کے انسداد کے لیے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کریں۔ انہوں نے ملک کے دفاع میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کے معرکہ حق میں فتح کو سچائی کی تاریخی کامیابی قرار دیا۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے زور دے کر کہا کہ اسلام میں غیر مصدقہ خبریں پھیلانا ممنوع ہے۔ انہوں نے غلط معلومات کی مہموں کو دشمنوں کی جانب سے عوام اور ریاست کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوششوں سے منسلک کیا۔

طاہر اشرفی نے فلسطین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کیا ۔نائب صدر شیعہ علماء کونسل علامہ عارف واحدی نے تمام مسالک کے علماء کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے لسانی، فرقہ وارانہ یا صوبائی منافرت کو فروغ دینا اسلامی تعلیمات کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ریاست کو روکنا چاہیے۔اجتماع میں سفارت کاروں، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مدارس و مکاتب کے طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کانفرنس کے موضوع میں وسیع عوامی دلچسپی کو اجاگر کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button