معاشرتی، اخلاقی و سماجی اصلاح کا راستہ سیرت النبی ؐ کی تعلیمات میں مضمر ہے،وفاقی وزیر سید عمران احمدشاہ

وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیرت طیبہ ﷺ ہمارے لیے ہر شعبۂ زندگی میں مکمل رہنمائی کا ذریعہ ہے ، معاشرتی، اخلاقی و سماجی اصلاح کا راستہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں مضمر ہے۔یہاں منعقدہ 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو عدل، اخوت، تعلیم، تحقیق اور اخلاقیات کا پیغام دیا، آج کے ڈیجیٹل دور میں جب سوشل میڈیا علم اور رابطے کے ساتھ ساتھ گمراہی اور انتشار کا ذریعہ بھی بن رہا ہے، اس سے بچاؤ کے لیے سیرت النبی ﷺ ہی واحد روشنی ہے۔
انہوں نے قرآن و حدیث کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اسلام تحقیق، سچائی اور احتیاط پر زور دیتا ہے، جبکہ جھوٹ، غیبت اور الزام تراشی کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اصول آج کے ڈیجیٹل کلچر میں پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فرقہ وارانہ نفرت، کردار کشی اور مقدس ہستیوں کی توہین نہ صرف اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں بلکہ ملکی قوانین کے تحت بھی جرم ہیں۔ نوجوانوں، علما اور سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ برداشت، تحقیق اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو فروغ دیں تاکہ معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کو مستحکم کیا جا سکے۔
کانفرنس میں مصر، بنگلہ دیش، فلسطین اور دیگر ممالک کے معزز نمائندوں سمیت دیگر غیر ملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بین الاقوامی اور قومی سطح کے علما، اسکالرز اور سفراء کرام نے بھی اظہارِ خیال کیا۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے شرکاء کو ایوارڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں امن، ترقی اور خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن فرمائے۔