کھیلوں کی دنیا

بھارت کے ایشیاکپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پربی سی سی آئی کو وضاحت کرنا پڑگئی

بھارتی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی وضاحت سامنے آگئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے پاکستان کے ساتھ کھیلنےکی پالیسی کے حوالے سےکہا ہےکہ ہم مرکزی حکومت کو فالو کرتے ہیں، بھارت کی حالیہ پالیسی کے مطابق انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں بھارتی ٹیم کی شرکت پر پابندی نہیں۔

سیکرٹری بی سی سی آئی دیوجیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ جہاں تک بی سی سی آئی کے مؤقف کا تعلق ہے، ہمیں وہی فالو کرنا پڑتا ہے جو مرکزی حکومت طے کرتی ہے، بھارت کی حالیہ نئی پالیسی کسی بھی کثیرالملکی یا بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق نہیں روکتی۔

دیوجیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی واضح طور پر کہتی ہےکہ مرکزی حکومت کی طرف سے ایسے ممالک کے خلاف کھیلنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے جو بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات نہیں رکھتے، اس لیے بھارت کو کسی بھی کثیرالملکی ٹورنامنٹ میں تمام میچز کھیلنے ہوں گے، ایشیا کپ ملٹی نیشنز ٹورنامنٹ ہے اسی لیے ہم شرکت کریں گے۔

سیکرٹری بی سی سی آئی کے مطابق اسی طرح آئی سی سی ٹورنامنٹس جس میں ایسے ممالک جن کے ساتھ بھارت کے اچھے تعلقات نہیں ہیں وہ ہمیں کھیلنا ہوگا، جہاں تک دوطرفہ تعلقات کی بات ہے وہاں ہم کسی دشمن ملک کے خلاف نہیں کھیلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی حکومت اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی بنائی ہوئی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں، اس پالیسی میں نہ صرف کرکٹ بلکہ باقی کھیل بھی شامل ہیں، اگر بھارت کسی بھی کھیلوں کے ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ میں کسی مخصوص ملک کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو اس پر پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مثال کے طور پر اگر اتھلیٹکس فیڈریشن پر پابندی لگتی ہےتو نیرج چوپڑا کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکےگا اور یہ کھلاڑی کے لیے نقصان دہ ہوگا، بھارتی حکومت نے سوچ سمجھ کر یہ پالیسی بنائی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button