روس کے پاس موجود کوئلے کے ذخائر تقریباً 900سال تک ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ہیں، صدر ولادی میر پیوٹن

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں موجود کوئلے کے ذخائر تقریباً 900سال تک ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ہیں۔ تاس کے مطابق انہوں نے کہا کہ گیس کی ممکنہ قلت کے تناظر میں کوئلے کو مشرق بعید میں توانائی کے شعبے میں زیادہ موثر طریقے سے استعمال کیا جائے ۔
ایسٹرن اکنامک فورم (ای ای ایف ) کے تحت روس کے مشرق بعید کے علاقوں کی ترقی کے کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن کے موقع پر روسی صد ر نے کہا کہ وہ روس کے انتہائی مشرقی علاقوں میں توانائی کے شعبے کی ترقی پر ایک اجلاس میں اس معاملے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ عمومی طور پر توانائی کے حوالہ سے درپیش مسائل کو حل کیا جا رہا ہے، لیکن بہت سے ایسے مسائل ہیں جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
مثال کے طور پر، ہمیں گیس کی کمی کا سامنا ہے، ہمارے پاس توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے مختلف اجزا کے درمیان کوارڈینیشن نہیں ہیں، اور ہمیں اپنی گرڈ معیشت کو ترقی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مختلف اقسام کے کوئلے کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ذخائر 900 سال تک چلیں گے ان ذخائر کو یقیناً بہت زیادہ مؤثر طریقے سے، زیادہ کارکردگی کے ساتھ اور تمام ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔