حافظ طاہر محمود اشرفی کا ”فلسطین امن چاہتا ہے” کانفرنس میں فلسطین سے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلسطین کے تعلقات جسم اور روح کی مانند ہیں، وہ دن دور نہیں جب ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہوگی جو مسلم اْمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے قافلے کی قیادت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علما کونسل (پی یو سی) کے زیر اہتمام ”فلسطین امن چاہتا ہے” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علامہ عارف واحدی سمیت ممتاز علما، مشائخ اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین کے ساتھ رشتہ مسجد اقصیٰ سے جڑا ہوا ہے جبکہ سعودی عرب سے تعلق ”حرمین شریفین۔ بیت اللہ اور مسجد نبوی” کے حوالے سے ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی اْمہ کا اتحاد ہی فلسطین کی آزادی کا راستہ ہموار کرے گا، ہماری فلسطین سے محبت مسجد اقصیٰ کی وجہ سے ہے اور اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کی خدمت کا شرف آل سعود کو عطا فرمایا ہے جو اس خدمت کو اللہ کے حکم تک انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست، حکومت اور عوام نے ہمیشہ فلسطین کے معاملے پر دو ٹوک پالیسی اپنائی ہے، پاکستان نے ابتدا ہی سے ہر عالمی فورم پر فلسطین کے مسئلے کو اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں تک محدود نہیں بلکہ یہ پوری مسلم اْمہ بشمول پاکستان کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے غزہ، شام، لبنان اور یمن میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کو ”عالمی مجرم، قاتل، غاصب اور ظالم” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی واضح ہے کہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کیا جانا چاہیے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ یہ زمین فلسطینیوں کی ہے۔ انہوں نے غزہ کے مظلوم عوام سے پاکستان کی مسلسل یکجہتی کا عزم ظاہر کیا اور اسرائیل کے ہاتھوں معصوم بچوں کے خلاف جنگی جرائم کی مذمت کی جنہوں نے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔