افغانستان میں زلزلہ: اسحاق ڈار کا امیر متقی کو فون، ہرممکن مدد کی پیشکش

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈاراور افغان عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا اور متاثرہ افغان عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنےکے لیے تیار ہے۔
اسحاق ڈار نے افغانستان کےمتاثرہ خاندانوں کے لیےدعاؤں اور ہمدردی کا پیغام بھی دیا۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا اسمبلی میں افغانستان میں زلزلے سے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ شدید زخمیوں کو بغیر ویزا پاکستان منتقل کرکے طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ صوبہ اور وفاق باہمی تعاون کےساتھ امدادی ٹیمیں اور طبی سامان افغانستان روانہ کرے۔
خیال رہےکہ افغانستان کے صوبہ کنڑ میں گزشتہ رات 6 شدت کے زلزلے سے اموات کی تعداد 800 ہوگئی ہے اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔