سابق پاکستانی کپتان کا ایشیاکپ سے قبل پاکستان کی بولنگ لائن پر تشویش کا اظہار

سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ نے ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2025 سے قبل پاکستان ٹیم کی بولنگ لائن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پرگفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ڈیتھ اوورز میں بولنگ کو بہتر کرنےکی ضرورت ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے پیش نظر دیکھنا ہوگا کہ اس طرح کی اچھی بیٹنگ پچز پر مضبوط ٹیمیں ایسی بولنگ لائن کو نہیں چھوڑیں گی، پاکستان کو بولنگ کے شعبے میں مزید حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ سفیان مقیم ایک رسٹ اسپنر ہے، وہ ابھی سیکھ رہا ہے، اس کی لائن اور لینتھ تو ٹھیک ہے، مگر اسپن میں مزید بہتری کی گنجائش ہے، اسے ایک ہی انداز میں گیند نہیں کرانی چاہیے، اسے گوگلی اور چائنا مین کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے، ورنہ اس کی گیند آسانی سے سمجھ میں آجاتی ہے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی آصف خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ آصف خان نے ثابت کر دیا ہےکہ وہ ایک زبردست ہٹر ہے، وہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے تھے اور اب وہ یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے خود کو منوا رہے ہیں۔
یاد رہےکہ 3 ملکی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔
گزشتہ روز شارجہ میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو میچ جیتنےکے لیے 208 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں اماراتی ٹیم نے 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بنالیے تھے۔