لیک فون کال کا معاملہ، تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم کو برطرف کردیا

تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے کمبوڈیا کے سابق رہنما کے ساتھ لیک فون کال کے معاملے پر معطل وزیراعظم پائی تونگ تران شینا وتری کو عہدے سے برطرف کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے معزول وزیراعظم شینا وتری کو کمبوڈین رہنما ہن سین سے ہونے والی فون کال پر بد اخلاقی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عہدے سے برطرف کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2008 کے بعد شینا وتری وہ پانچویں تھائی وزیراعظم ہیں جنہیں عدالتی حکم پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
نو رکنی آئینی عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ 39 سالہ شینا وتری بطور وزیراعظم کمبوڈین رہنما ہن سین سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اخلاقی معیارات کو پورا کرنے میں ناکام رہیں۔
آئینی عدالت نے کہا کہ شینا وتری نے جون میں کمبوڈین رہنما کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ملکی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔
برطرف تھائی وزیراعظم کی لیک ہونے والی فون کال میں شینا وتری کو کمبوڈیا کے ساتھ سرحدی تنازع کے باوجود ہن سین کو انکل کہتے جبکہ تھائی لینڈ کی آرمی کے سینئر کمانڈر کو ڈانتے اور اپنا دشمن کہتے سنا گیا تھا۔
یاد رہے کہ آئینی عدالت نے یکم جولائی کو تھائی وزیراعظم شینا وتری کو معطل کرتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا تھا۔