قومی

ایشائی ترقیاتی بینک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہمیشہ قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے، وزیر اعظم شہباشریف

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کی دیرینہ شراکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایشائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہمیشہ قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے، اے ڈی بی کی پاکستان کے کئی بڑے ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کیلئے دلچسپی ملکی معیشت کیلئے انقلابی ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کانڈا کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے صدر ایشائی ترقیاتی بینک کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ، پبلک ٹرانسپورٹ اور معدنیات کے شعبوں میں پاکستان اور اے ڈی بی شراکت داری بڑھا سکتے ہیں جو ملکی معیشت کے لئے انتہائی مفید ہو گا۔وزیراعظم نے اے ڈی بی کے وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات بارے آگاہ کیا جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، مالی استحکام کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے خلاف اقدامات، غیر ہدف شدہ سبسڈی میں کمی اور سماجی تحفظ کو بڑھانا شامل ہیں۔

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی ایک بانی ممبر کی حیثیت سے طویل وابستگی اور حکومت پاکستان کی جامع اصلاحات کو سراہا اور پاکستان کے لیے بینک کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کیلئے بینک کے عزم کی تجدید کی۔

ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button