کاروباری

پاکستان اور بنگلہ دیش کے اعلیٰ سطحی روابط اقتصادی تعاون کے نئے دور کے غماز ہیں ، ناصر منصور قریشی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے بے پناہ امکانات کے حامل ہیں جس سے دونوں ممالک کے وسیع تر اقتصادی مفاد میں فائدہ اٹھایا جانا چاہیے، حکومتوں کے ساتھ ساتھ دونوں اطراف کی کاروباری برادری بھی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

ناصر منصور قریشی نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے حالیہ دورے دونوں ممالک کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے مضبوط تعاون کو فروغ دینے کی سنجیدگی کی عکاسی کرتے ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی روابط ہیں جو اقتصادی تعاون کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیراتی مواد اور زرعی مصنوعات جیسے شعبوں میں مواقع تلاش کر سکتا ہے جبکہ گارمنٹس، چمڑے، جوٹ اور لائٹ انجینئرنگ میں بنگلہ دیش کی مہارت پاکستان کی درآمدی باسکٹ کو متنوع بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لانے کے لیے تجارتی وفود، سنگل کنٹری نمائشوں اور بی ٹو بی میچ میکنگ ایونٹس کے انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کو ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور کرنے، بینکنگ چینلز کو بہتر بنانے اور کاروباری افراد کے لیے ویزا نظام کو آسان بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ تجارت کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔

ناصر منصور قریشی نے آئی سی سی آئی کے پاکستان اور بنگلہ دیش کے نجی شعبوں کے درمیان پل کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومتی اور کاروباری سطح پر جاری مصروفیات مضبوط تجارتی شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور وسیع تر علاقائی انضمام میں تبدیل ہوں گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button