پاکستان انڈیپنڈنس ڈے نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز،عقیل خان اور مزمل مرتضی کی مینز سنگلز میں فتوحات

پاکستان انڈیپنڈنس ڈے نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگیا جس میں 110 سے زائد کھلاڑی 9کیٹگریز میں ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔ معروف قومی کھلاڑی عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، یوسف خلیل، برکت اللہ، شہزاد خان، حمزہ رومان، عشنا سہیل، شیزا ساجد، عائشہ جواد اور نور ملک بھی ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ ایونٹ کا مقصد یوم آزادی کی خوشیوں کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل نے شرکاء کو نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور کہا کہ یہ ایونٹ سپورٹس مین شپ اور جذبہ حب الوطنی کے فروغ کا موقع ہے۔
پہلے روز کے نمایاں نتائج مردوں کے سنگلز میں عقیل خان نے سمیع زیب کو 3-6، 3-6 سے ہرایا۔ مزمل مرتضیٰ نے شہزاد خان کو شکست دی۔ یوسف خلیل اور حمزہ رومان بھی کامیاب رہے۔ خواتین سنگلز میں شیزا ساجد، شمزہ ناز دراب، شندانہ ربی اور رومیصہ ملک نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ بوائز انڈر 18میں عبدالباسط، حازق عاصم، رازق سلطان اور حسن عثمانی نے کامیابی حاصل کی۔ گرلز انڈر 14 زیناہ عبداللہ اور شاہرین عمر نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔بوائز انڈر 14 و 12 میں بہروز محمود، احمد افضل، مہد محمود اور سالار خان نمایاں فاتح رہے۔