نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی ترک وزیرخارجہ سے ملاقات، فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ، دوطرفہ کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دوطرفہ کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔منگل کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے درمیان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی صدارت کے لئے ترکیہ کے قائدانہ کردار کو سراہا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ فلسطین میں انسانی بحران اور قحط سنگین صورت اختیار کر چکا ہے جس کے لیے فوری انسانی امداد اور ریلیف کی فراہمی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔