پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان

ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ یہ ایونٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔ یہی اسکواڈ 16 سے 22 ستمبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں بھی شرکت کرے گا۔23 سالہ آل رانڈر فاطمہ ثناء کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔
وہ اس سے قبل لاہور میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی کپتانی کرچکی ہیں، جہاں پاکستان نے سو فیصد کامیابی کے ساتھ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔سکواڈ میں نوجوان ایمان فاطمہ اور صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے، جو پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ ایمان فاطمہ نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔دیگر کھلاڑیوں میں ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدیہ اقبال، شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ بھی پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ کھیلیں گی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ایمان، شوال اور عروب تینوں نے جنوری 2023 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
گزشتہ اسکواڈ کے مقابلے میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمان فاطمہ اور صدف شمس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ گل فیروزہ اور نجیحہ علوی کو ڈراپ کر کے پانچ رکنی ریزرو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جس میں طوبی حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر بھی موجود ہیں۔15 رکنی قومی ٹیم اور پانچ ریزرو کھلاڑی 29 اگست سے شروع ہونے والے 14 روزہ تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گی۔
ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں کھلاڑی نیٹ پریکٹس اور 50 اوورز کے پریکٹس میچز کھیل کر تیاری کریں گی۔پاکستان اپنے تمام گروپ میچز کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ سیمی فائنل 29 اکتوبر اور فائنل 2 نومبر بھی کولمبو میں ہی ہوں گے۔ جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم 12 ستمبر کو لاہور پہنچے گی۔