دبئی ، خلیجی ممالک ایکسپورٹس اینڈ ری-ایکسپورٹس کی سب سے بڑی منڈی قرار

خلیجی ممالک کو ایکسپورٹس اور ری-ایکسپورٹس کی سب سے بڑی منڈی قرار دیدیا گیا۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی چیمبر آف کامرس، جو کہ دبئی چیمبرز کے تحت کام کرنے والے تین اہم اداروں میں سے ایک ہے، نے اعلان کیا ہے کہ سال 2025 کی پہلی ششماہی میں اس کے اراکین کی ایکسپورٹس اینڈ ری-ایکسپورٹس کے لیے سب سے بڑی عالمی منڈی خلیجی ممالک ر ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی تجارت میں خلیجی مارکیٹوں کا حصہ 48.6 فیصد رہا ، جس کی مالیت 83.6 ارب درہم رہی۔ یہ کارکردگی خلیجی خطے کی دبئی کے کاروباری حلقوں کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔جی سی سی کے بعد دوسرے نمبر پر مشرقِ وسطیٰ کے ممالک (جی سی سی کے علاوہ) رہے جن کا حصہ 29 فیصد رہا اور مجموعی مالیت 49.9 ارب درہم ریکارڈ کی گئی۔
تیسرے نمبر پر افریقی مارکیٹس رہیں، جنہوں نے 9.7 فیصد حصہ حاصل کیا اور برآمدات و ری-ایکسپورٹس کی مجموعی مالیت 16.7 ارب درہم رہی۔چوتھے نمبر پر ایشیا پیسیفک ریجن آیا جس کا حصہ 8.5 فیصد رہا اور مالیت 14.6 ارب درہم ریکارڈ ہوئی۔ اس کے بعد یورپی مارکیٹس پانچویں نمبر پر رہیں، جنہوں نے 3 فیصد حصہ حاصل کیا اور مالیت 5.2 ارب درہم رہی۔
شمالی امریکا چھٹے نمبر پر رہا، جس کا حصہ 0.7 فیصد اور مالیت تقریباً 1.2 ارب درہم رہی، جبکہ لاطینی امریکا ساتویں نمبر پر آیا جس کا حصہ 0.4 فیصد اور مالیت 680 ملین درہم رہی۔دبئی چیمبر آف کامرس کے مطابق اس کے اراکین کی مجموعی عالمی ایکسپورٹس اینڈ ری-ایکسپورٹس 2025 کی پہلی ششماہی میں 171.9 ارب درہم تک پہنچ گئیں، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 18 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔