وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر نوابزادہ خالد حسین مگسی کی ملاقات، جھل مگسی گیس فیلڈ منصوبے پر بریفنگ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی ذخائر کی بدولت درآمدی گیس پر انحصار کم ہونے سے زر مبادلہ کی بچت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیش قیمت قدرتی وسائل معاشی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی نے وزیراعظم کو جھل مگسی گیس فیلڈ منصوبے پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ جھل مگسی گیس فیلڈ منصوبے کے تحت گیس کی قومی ترسیل میں شمولیت سے درآمدی گیس پر انحصار کم ہوگا اور سالانہ 298 ملین ڈالر کی بچت ہوگی۔ انھوں نے وزیر اعظم کو پراجیکٹ کے افتتاح کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ بیش قیمت قدرتی وسائل ملکی معاشی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ملکی ذخائر کی بدولت درآمدی گیس پر انحصار کم ہونے سے زر مبادلہ کی بچت قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جھل مگسی گیس فیلڈ کی گیس کی قومی ترسیل میں شمولیت ایک احسن قدم ہے ۔