غزہ میں 24 گھنٹے میں بچے سمیت 11 افراد بھوک کی وجہ سے شہید

غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بچے سمیت 11 افراد بھوک کی وجہ سے شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 251 ہوگئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے قحط زدہ علاقوں میں بھوک سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 251 ہوگئی ہے، 18 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 10 ہزار 362 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، 18 مارچ کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے بڑے پیمانے پر فضائی بمباری اور محاصرہ جاری ہے۔
18 مارچ کے بعد اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 619 تک جاپہنچی ہے، اسرائیل نے 18 مارچ کو جنگ بندی توڑ کر غزہ کا مکمل محاصرہ کرلیا تھا
خبرایجنسی نے بتایا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 61 ہزار 897 ہوگئی ہے، اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 660 ہوگئی ہے۔
فلسطینیوں پر یہودی آبادکاروں کے حملے بھی جاری ہیں، اسرائیلی آبادکاروں نے شمالی وادی اردن میں فلسطینی خیموں پر دھاوا بولا۔
الفرسیہ گاؤں میں مسلح یہودی آبادکاروں نے فلسطینی شہریوں کے خیمے لوٹ لیے، یہودی آبادکاروں نے چند روز پہلے بھی فلسطینیوں کے خیموں پر دھاوا بولا تھا۔