خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے، این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے۔ میڈیا ونگ این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی کاموں میں معاونت اور نگرانی کے لیے پشاور میں موجود ہے،این ڈی ایم اے، مسلح افوا ج اور فلاحی اداروں کی جانب سے خیبر پختونخوا کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں ایمبولینس،جنریٹر، کمبل، خیمے، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن اور خشک دودھ شامل ہے ۔این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔
شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے حالیہ واقعات کے باعث خیبر پختونخوا میں 328افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 143افراد زخمی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم نے مزید کہا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 344افراد جاں بحق جبکہ148 زخمی ہوئے ۔–
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ شمالی علاقہ جات میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا امکان ہے ،بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ سیاح حضرات سے التماس کی گئی ہے کہ اگلے 5 تا6 روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں ۔متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔