صائم ایوب، جیڈن سیلز کی پسندیدہ وکٹ بن گئے، تینوں میچز میں شکار بنے

پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب ویسٹ انڈیز میں مکمل ناکام رہے اور تینوں ون ڈے میں غلطی دہراتے ہوئے ایک ہی طریقے سے آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 34 سال بعد ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی۔ پوری سیریز میں گرین شرٹس کی بیٹنگ، بولنگ ناکام رہی اور بڑے نام والے کرکٹرز نے بھی شائقین کو اپنی کارکردگی سے مایوس کیا۔
صائم ایوب جنہیں پاکستان کرکٹ کا مستقبل اور باصلاحیت بلے باز کہا جاتا ہے۔ وہ بھی ویسٹ انڈیز میں اپنے بلے سے کوئی جادو نہ جگا سکے۔
نو لُک شاٹ سے شہرت پانے والے صائم ایوب تینوں ون ڈے میچز میں یکسر ناکام رہے اور سیریز میں صرف 28 رنز ہی بنا سکے۔
انہوں نے پہلے میچ میں 5 رنز پر وکٹ گنوائی۔ دوسرے میچ میں 23 رنز اسکور کر کے پویلین لوٹے جب کہ تیسرے میچ میں جیڈن سیلز نے انہیں صفر کی ہزیمت سے دوچار کیا۔
تاہم قابل ذکر بات یہ ہے کہ تینوں میچز میں وہ جیڈن سیلز کا ہی شکار بنے۔ انہوں نے پہلے ون ڈے میچ سے کوئی سبق نہ سیکھا اور وہی غلطی تینوں میچز میں دہراتے ہوئے جیڈن سیلز کو وکٹ دیتے رہے۔
واضح رہے کہ جیڈن سیلز نے تین میچوں میں 10 پاکستانی بلے بازوں کی وکٹیں اڑا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔