قومی

امریکا ایک بار پھر پاکستان کا معترف

 امریکا نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی ڈائیلاگ کا دور ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کی ہر شکل اور صورت کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بات چیت کی مشترکہ صدارت پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری نبیل منیر اور امریکا کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگری ڈی لوگر فُو نے کی۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان نے عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

فریقین نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر حکمت عملی اپنانے اور کالعدم بی ایل اے، داعش خراسان اور ٹی ٹی پی جیسی تنظیموں کے خلاف کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکا نے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، جبکہ جعفر ایکسپریس اور خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت بھی کی۔

دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک کو مؤثر بنانے اور صلاحیتوں میں اضافے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

پاکستان اور امریکا نے اقوامِ متحدہ سمیت کثیر ملکی فورمز پر انسدادِ دہشت گردی تعاون جاری رکھنے اور باہمی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button