کراچی: گزشتہ 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں کتنے شہری جان سے گئے؟

شہر قائد میں رواں سال جنوری تا جولائی خونی ٹریفک حادثات میں 500 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے، مجموعی طور پر جنوری تا جولائی 546 شہری جان سے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 425 مرد، 51 خواتین، 51 بچے اور 19 بچیاں ٹریفک حادثات میں جان سے گئیں جبکہ 8 ہزار 136 شہری زخمی بھی ہوئے۔
ہیوی گاڑیوں کے باعث حادثات میں 165 شہری جاں بحق ہوئے، ان میں سب سے زیادہ ٹریلر کی زد میں آ کر 62 افراد جان سے گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 37 افراد اور ڈمپر کی ٹکر سے 32 افراد جاں بحق ہوئے، بس کی ٹکر سے 20 افراد جاں بحق ہوئے۔
اپریل میں شہر قائد میں بڑھتے ٹریفک حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلیے ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سواروں، رکشا اور چنگچی کیلیے سخت قوانین نافذ کیے۔
نئے روڈ سیفٹی رولز کے تحت ابموٹر سائیکل سواروں کیلیے لین کی پابندی لازمی ہوگی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، موٹرسائیکل سواروں کو کوریئر ویو مررز اور ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنا ہوگا۔
اس کے علاوہ گاڑیوں کیلیے جی پی ایس ٹریکر، ڈیش کیم، ریئر ویو کیم اور کیبن کیم لازمی قرار دے دیے گئے۔
سگنل توڑنے، اسپیڈ لمٹ اور لین کی خلاف ورزی پر خودکار چالان جاری ہوگا۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں پر اضافی 2500 روپے جرمانہ عائد ہوگا۔