قومی

لائٹ جلاتے ہی گھر جل کر راکھ ہو گیا، مکین جھلس کر زخمی

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک گھر میں آتش زدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں مکین جھلس کر زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ہمت پورہ میں گیس لیکج سے گھر میں آگ لگ گئی، جس میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں ریسکیو نے الائیڈ اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آتش زدگی سے گھر کا سامان اور فرنیچر جل کر راکھ ہو گیا ہے، اہل خانہ غلطی سے گیس کھول کر لاہور چلے گئے تھے، واپسی پر جب انھوں نے لائٹ جلائی تو چنگاری نکلنے سے گھر میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، کیوں کہ گھر میں گیس بھر گئی تھی۔


ریسکیو کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے چہرے، بازو اور ٹانگیں آگ سے جھلس گئی ہیں، 55 سالہ زونیرہ 59 فی صد، 27 سالہ جزیم 37 فی صد جھلس گئی، 30 سالہ عثمان 16 فی صد، 31 سالہ سدرہ 30 فی صد جھلسی، جب کہ ایک سالہ زرین 17 فی صد اور 2 سالہ ارشم 10 فی صد جھلسی۔

عوامی خدمات کے ادارے شہریوں کے لیے ہمیشہ یہ پیغام جاری کرتے ہیں کہ وہ گھر چھوڑتے وقت گیس اور بجلی کی تمام اشیا کو اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں، بالخصوص گیس لیکج کے بارے میں مکمل اطمینان ضرور کیا جانا چاہیے تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button