مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی، الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطبق پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 13 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کے نئے اسپیل اور دریائے ستلج و ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون بارشوں اور بالائی آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے ستلج میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد اور تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام متعلقہ محکموں اور ایمرجنسی کنٹرول رومز کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانات اور مویشیوں کے بروقت انخلا کو یقینی بنایا جائے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔