عالمی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 36 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں کے دوران مزید 36 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کے بعد جمعے کو بھی دن بھر غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہا۔

رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری سے امداد کے منتظر 21 فلسطینیوں سمیت مزید 36 فلسطینی شہید ہو گئے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک سے مزید 4 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے بعد اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 201 ہو گئی ہے، جن میں 98 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل نے غزہ میں غیر ملکی امدادی ایجنسیوں کو کام کرنے سے روک دیا ہے اور خوراک کی تقسیم صرف اسرائیلی اور امریکی انتظامیہ کے تحت کی جارہی ہے۔

اسرائیلی فوج اور امریکی کانٹریکٹرز کی جانب سے غزہ میں خوراک کی تقسیم کے دوران خوراک کے لیے کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جن کی ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جنگ میں 61 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button